امریکی انتباہ کے باوجود اسرائیلی فورسز کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے جھڑپیں جاری
امریکی انتباہات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے قریب رفح اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے ساتھ شدید لڑائی کی۔
شہریوں کی اموات میں اضافہ ہوا، جب فضائی حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رفح کے پڑوس میں ایک بچے سمیت کم از کم چار شہید ہو گئے۔
ہزاروں فلسطینیی پہلے سے ہی نامساعد انسانی حالات کے باعث پناہ کی تلاش میں دیر البلاح اور خان یونس کی طرف بھاگے۔
پیر کو اسرائیلی فوج نے سینکڑوں بے گھر خاندانوں کو جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں یو این آر ڈبلیو اے کے چھ اسکولوں کو خالی کرنے پر مجبور کیا جو بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہوں میں تبدیل کیئے گئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مطابق کم از کم 360,000 فلسطینی رفح سے جا چکے ہیں، کیونکہ اسرائیل نے جنوبی شہر کے ساتھ ساتھ شمالی غزہ میں اپنی جارحیت کو بڑھایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 سے زائد فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
بڑھتے ہوئے تشدد کے درمیان، غزہ کا صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ طبی عملے کو رفح کے کویت ہسپتال کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جارحیت میں 138 نرسوں سمیت کم از کم 500 طبی اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے 312 دیگر طبی کارکنوں کو حراست میں لیا اور مزید 1500 زخمی ہوئے۔
اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 35,034 افراد ہلاک اور 78,755 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل پر عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کا الزام ہے۔
جنوری میں ایک عبوری حکم نے تل ابیب کو حکم دیا تھا کہ وہ ایسی کارروائیاں بند کرے اور غزہ میں شہریوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ضمانت دینے کے لیے اقدامات کرے۔