اسرائیلی حملے میں 50 سے زائد فلسطینی شہید، اعضاء کی چوری کے خدشات
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں ہلاکتوں میں ایک اور اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس میں 51 فلسطینی شہید اور 75 زخمی ہوئے ہیں کیونکہ اسرائیل کی جانب سے محصور علاقے پر حملے جاری ہیں۔
بین الاقوامی انتباہات کے باوجود، اسرائیل اپنے منصوبہ بند زمینی حملوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ رفح کے مشرقی حصے پر توپ خانے کی مسلسل گولہ باری جاری ہے۔
تین سو بانوےلاشوں پر مشتمل تین اجتماعی قبروں کی دریافت نے فلسطینی شہری دفاع کو آزادانہ تحقیقات کے لیے مجبور کیا ہے۔
غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کے ایک اہلکار محمد المغائر نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے انسانی اعضاء کی چوری کا شبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لاشیں بندھے ہوئے ہاتھ، کھلے ہوئے پیٹ، اور زخموں کو سیون کرنے کے معمول کے طریقوں سے متصادم طریقے سے ٹانکے لگے پائے گئے۔
مغائر نے کہا کہ ایک مرد اور ایک نوجوان لڑکی کی لاشیں ملی ہیں جو اعضاء کے بغیر اور ہسپتال کے گاؤن پہنے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں چار ماہ کے طویل زمینی آپریشن کے بعد 7 اپریل کو خان یونس سے انخلا کیا۔
اقوام متحدہ کی مائن ایکشن سروس کے سینئر افسر پرہر لودھامر نے جنیوا میں ایک بریفنگ میں کہا کہ غزہ کا ملبہ صاف کرنے میں کچھ شرائط کے تحت 14 سال لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنجان شہری علاقوں میں نہ پھٹنے والے ہتھیاروں کی تلاش کے علاوہ اسرائیل کی بمباری میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کو ہٹانا بھی ایک چیلنج ہو گا۔
اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,356 فلسطینی شہید اور 77,368 زخمی ہو چکے ہیں۔