غزہ میں اسرائیلی حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید، متعدد لاپتہ
غزہ کی پٹی میں شہریوں کے گھروں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک درجن سے زائد افراد جاں بق، متعدد زخمی اور 15 ملبے تلے دب کر لاپتہ ہو گئے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق حملوں میں پناہ گزینوں کے کیمپوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں شاتی، شیخ رضوان اور نصیرات کے علاقے شامل ہیں۔
گزشتہ رات غزہ شہر میں شیخ رضوان پل کے قریب الجزار خاندان کے گھر پر حملے کے دوران چار فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ کے شمال میں بیت لاہیا میں ایک اور فضائی حملے کی اطلاع ملی ہے۔
شہری دفاع نے اعلان کیا کہ اس کے عملے نے غزہ شہر کے مغرب میں السیر خاندان کے گھر پر ایک بڑے فضائی حملے کے بعد چار لاشیں اور تین زخمیوں کو نکال لیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے حماس پر غزہ جنگ بندی میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کی جانب سے ‘فراخدلانہ’ تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے ایتا اششاب میں حزب اللہ کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے اندرحزب اللہ کے رکن موجود تھے۔
اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں جمعرات کی رات گئے نور شمس پناہ گزین کیمپ میں داخل ہوئی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 12 گھنٹے کے چھاپوں میں انہوں نے سڑکیں، عمارتیں، دکانیں اور مکانات تباہ کیے ہیں اور سیوریج لائنیں پھاڑ دی ہیں۔
اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33,970 افراد جاں بحق اور 76,770 زخمی ہو چکے ہیں۔