جنوبی افریقہ کا اسرائیلی فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے شہریوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا فیصلہ
اسرائیلی فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے جنوبی افریقی شہریوں کو وطن واپسی پر قانونی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جنوبی افریقہ کی بین الاقوامی تعلقات کی وزیر نیلیڈی پانڈور نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج میں شامل شہریوں کوقانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فلسطین کے ساتھ یکجہتی پر زور دیتے ہوئے پانڈور نے کہا کہ دسمبر میں اسرائیلی فوج میں شمولیت کے خلاف وارننگ جاری کی گئی تھی۔
اسرائیلی سیکیورٹی سروس کے قانون کے مطابق، تمام شہری بشمول دوہری شہریت رکھنے والے، فوج میں بھرتی ہونے کے پابند ہیں چاہے وہ مستقل طور پر بیرون ملک مقیم ہوں۔
یہ انتباہ غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کے خلاف جنوبی افریقہ کی مخالفت کا ایک اور ثبوت ہے۔ جنوبی افریقہ کی حکومت نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل پر فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے کا مقدمہ چلایا ہوا ہے
آئی سی جے نے جنوری میں عارضی اقدامات جاری کرتے ہوئے، اسرائیل پر زور دیا کہ وہ انسانی حالات کو بہتر بنائے اور نسل کشی کو روکے۔
جنوبی افریقی حکام، بشمول نائب صدر پال ماشیٹائل، نے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور تباہی کے درمیان غزہ میں انصاف اور امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔