اسرائیل کی جنگ 200ویں روز میں داخل، 32 فلسطینی شہید، اجتماعی قبروں سے 300 لاشیں برآمد
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 فلسطینی شہید اور 59 زخمی ہو گئے۔
غزہ میں فلسطینی میڈیا کے دفتر نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے تین قتل عام کیے اور متعدد افراد کو ملبے تلے دبایا۔
وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی بحری جہاز اور جنگی طیاروں نے رات کے وقت غزہ کی پٹی پر بمباری جاری رکھی، بشمول نصیرات پناہ گزین کیمپ اور مشرقی خان یونس۔
سول ڈیفنس کی ٹیموں کو خان یونس کے ناصر اسپتال میں اجتماعی قبر سے مزید 35 لاشیں ملی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 310 ہوگئی ہے۔
اہل خانہ تاحال اپنے پیاروں کی باقیات کی تلاش میں ہیں۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس نے باڈی بیگز اور حفاظتی لباس فراہم کیے ہیں- سائٹ کی کھدائی اور لاشوں کو منتقل کرنے میں مدد کے لیے پیرامیڈیکس بھی بھیجے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے طبی سہولیات کی تباہی اور اجتماعی قبروں کی رپورٹوں کی مذمت کی ہے۔