اسرائیل نے 24 گھنٹوں میں 82 فلسطینیوں کو شہید کردیا، شدید حملے جاری
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں 82 فلسطینی شہید ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق جبالیہ اور بوریج کے رہائشی علاقوں پر الگ الگ حملوں میں ایک بچے سمیت چار فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ شہر کے محلوں پر اسرائیلی گولہ باری سے مزید جانی نقصان ہوا۔
جبالیہ اور رفح میں فلسطینی مسلح گروپوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں شدت آنے کے ساتھ ہی شدید زمینی حملے شروع ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی اپیلوں کی نفی کرتے ہوئے، اسرائیلی افواج نے شمالی جبالیہ اور جنوبی رفح کے گنجان آباد علاقوں میں گھس کر شدید مزاحمت کا سامنا کیا۔
غزہ شہر میں، شدید تباہ کن فضائی حملوں میں شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، بشمول اقوام متحدہ کی ایک عمارت اور اپارٹمنٹس، جس میں 10 بے گھر فلسطینی شہید ہوئے۔
دوسری طرف لبنان میں حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر 60 راکٹ داغے جس سے معمولی نقصان ہوا۔
اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 35,173 افراد جان بحق اور 79,061 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں “نسل کشی” کا الزام ہے، جس نے تل ابیب کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی افواج نسل کشی کی کارروائیوں کا ارتکاب نہ کریں اور اس بات کی ضمانت کے لیے اقدامات کریں کہ غزہ میں شہریوں کو انسانی امداد فراہم کی جائے۔