اسرائیل فلسطین میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا
فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کی سربراہی میں آزادانہ تحقیقات کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے عملے کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے عملے کا حماس سے تعلق ہے اور وہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیلی شہریوں پر حملے میں ملوث تھا۔
رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ اسرائیل کے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان میں قابل اعتماد ثبوت نہیں ہیں۔
اسرائیلی الزامات کی وجہ سے فنڈنگ میں نمایاں کٹوتی ہوئی کیونکہ ڈونر ممالک نے امداد جاری رکھنے سے جواب دے دیا۔
رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد زیادہ تر ڈونر ممالک نے فنڈنگ دوبارہ شروع کر دی، سوائے آسٹریا، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، برطانیہ اور امریکہ کے۔
الجزیرہ کی طرف سے حاصل کردہ اصل چھ صفحات پر مشتمل ڈوزیئر میں، اسرائیلی انٹیلی جنس نے یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف کئی الزامات لگائے ہیں جن کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
مثال کے طور پر، اس کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں حماس کے حملے میں امدادی تنظیم کی سہولیات کو استعمال کیا گیا تھا۔
ڈوزیئر کے مطابق، 12 ملازمین بھی براہ راست حملے میں ملوث تھے، جب کہ 190 دیگر نے انٹیلی جنس اور لاجسٹک مدد فراہم کی۔
تاہم، کولونا رپورٹ نوٹ کرتی ہے کہ اسرائیل نے 2011 سے یو این آر ڈبلیو اے کے عملے کی جانچ کے عمل کے بارے میں کبھی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔
انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (آئی پی سی) کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی اور غزہ شہر میں تقریباً 210,000 افراد پہلے ہی قحط سے متاثر ہیں۔
گزشتہ ہفتے یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں امدادی تنظیم کی سرگرمیاں ختم کرنا چاہتا ہے۔