اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 93 ہلاکتیں
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد کی ہلاکت اور 142 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے جس سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مجموعی تعداد 31,819 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ شہر کے یرموک محلے کو نشانہ بنایا، جو کہ ایک گنجان آباد رہائشی علاقہ ہے، جیسا کہ الجزیرہ نے تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فورسز ایک چھاپے کے بعد الشفا میڈیکل کمپلیکس سے پیچھے ہٹ گئیں۔ اپنے پیچھے تباہی کوچھوڑکرفوجیوں نے 150 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا۔
کم از کم 20 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک اعلیٰ فلسطینی پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو امداد کی ترسیل میں تعاون کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال میں آپریشن کے دوران 50 سے زائد عسکریت پسندوں کوجاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ایک فوجی کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل کے زمینی حملے شروع کرنے کے بعد سے اب تک 251 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے رفح میں اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے۔ دوسری طرف الجزیرہ کے صحافی اسماعیل الغول کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے شدید زدوکوب کیا گیا۔
مزید یہ کہ ایک فلسطینی صحافی رولا حسنین کو رام اللہ میں گرفتار کیا گیا، جس سے حراست میں لیے گئے صحافیوں کی تعداد 60 کے قریب ہو گئی۔
اسرائیلی حکام نے امریکی اور اسرائیلی میڈیا کو بتایا ہے کہ قطر میں فلسطینی مزاحمت کے ساتھ بالواسطہ بات چیت جاری ہے۔
لیکن قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی وفد کی قیادت کرنے والے موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا قطر چھوڑکر جا چکے ہیں۔